حیدرآباد 2۔مارچ (یو این آئی) آندھراپردیش میں مختلف سڑک حادثات میں 8 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے ۔ ضلع چتور کے ناگری منڈل کے تاڈوکوپیٹ میں کار کے روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکراکر الٹ جانے کے باعث 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک اور دیگر 3 زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق کار میں سفر کرنے والے افراد پوجا کے بعد تروملا سے کانچی پورم کی طرف جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ زخمیوں کو ناگری ایریا ہاسپٹل اور بعدازاں علاج کے لئے چینائی منتقل کردیا گیا۔ ضلع کھمم کے وی ایم بنجر پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع تیکولا پلی میں آٹو ٹرالی کے لاری سے تصادم کے باعث دو افراد
برسرموقع ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ ٹرالی میں سفر کرنے والے افراد کپاس کی خریدی کے لئے کھمم جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ مہلوکین کی شناخت 60 سالہ گروولو اور 38 سالہ وی ستیہ نارائنا کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ زخمی آدی نارائنا کو علاج کے لئے پینوپلی ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ۔ایک اور حادثہ میں کوکٹ پلی آر ٹی سی بس ڈپو علاقے میں تیزرفتار لاری کی موٹر سیکل کو ٹکرکے نتیجہ میں موٹر سیکل پر سوار دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ افراد موسیٰ پیٹ سے کوکٹ پلی جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ مہلوکین کی شناخت محسن اور معز کے طورپر کی گئی ہے ۔